ضلع ہری پور میں 4 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کردیا گیا

LockDown In Haripur
ضلع ہری پور میں 4 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کردیا گیا

ضلع ہری پور میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 4علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ ڈی پی او ہری پور سید اشفاق انور کی ہدایات پر تمام سیل علاقوں میں نقل و حرکت اور کورونا کے پھیلا کو روکنے کے لئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے۔

سیکیورٹی پلان کے تحت علاقوں کے لئے ایڈیشنل ایس پی ہری پور زوالفقار خان جدون کی سربراہی میں ایک سو چوالیس افسران پولیس تعینات کئے گئے ہیں۔مجموعی طور پر دو ڈی ایس پیز،دو انسپکٹرز،چھ سب انسپکٹرز،گیارہ اے ایس آئی،دس ہیڈ کانسٹیبل اور ایک سو بارہ کانسٹیبل تعینات کیے گئے ہیں۔

لاک ڈاؤن کئے گئے علاقوں کو 2سب سرکل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی سرکل ہیڈکوارٹر افتخار احمد سواتی اور ڈی ایس پی سرکل صدر عدالت خان سیکیورٹی انتظامات کا وقتا فوقتا جائزہ لے رہے ہیں۔ ٹی آئی پی ہاوسنگ کالونی گلی نمبر نو اور بیس،محلہ سوہا موچی بازار،محلہ کھلابٹ سیکٹر نمبر چار،پکھرال چوک سیکٹر نمبر دو اور ممائیہ چوک کے علاقوں کو سیل کیا گیا ہے۔کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ڈی پی اوآفس ہری پور میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔

تمام علاقوں میں ادویات، اشیا ضروریہ کی فراہمی اور دیگر ضروری انتظامات کے حوالے سے ہری پور پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر فرائض سرانجام دے گی۔ ضلع ہری پور کے رہائشیوں کو سیل کیے گئے علاقوں کا رخ نہ کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

تبصرے